نئی دہلی،26/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے مضحکہ خیز انداز میں جمعرات کو کہا کہ ’میڈٹیٹ‘ اور ’میڈایٹ‘ کے درمیان وہم ہوجانے کی وجہ سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو لگا ہوگا کہ ہندوستان ان سے کشمیر معاملے پر مداخلت چاہتا ہے۔ہندوستان نے ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر مسئلے کے حل کے لئے ان سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنے کی درخواست کی۔تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے مضحکہ خیز انداز میں کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وزیر اعظم مودی کہنا چاہتے ہوں کہ آپ یوگاکے لئے ’میڈٹیٹ‘ یعنی (مراقبہ) کیوں نہیں کرتے اور انہوں نے ’میڈایٹ‘ (ثالثی) سن لیا ہو۔خورشید نے کہاکہ یہ مواصلات کامسئلہ تھا۔لیکن سفارتکاری مواصلات پر منحصر ہے اور اگر آپ مناسب طریقے سے بات چیت نہیں کر سکتے تو یہ کس طرح کی سفارتکاری ہے۔کانگریس لیڈر نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ایک سفارتکار کے طور پر حاصل گزشتہ کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔